یہ شوخ تتلیاں ، بارِش میں اُس کو دیکھیں تو

یہ شوخ تتلیاں ، بارِش میں اُس کو دیکھیں تو
اُکھاڑ پھینکیں قبائیں ، وُہ اِتنا دِلکش ہے

یہ شوخ تتلیاں ، سانسوں کی خوشبو پا لیں اَگر
تو پھول ، بھول ہی جائیں ، وُہ اِتنا دِلکش ہے

یہ شوخ تتلیاں ، شبنم سے خود کو پاک کریں
پھر اُس کا ذِکر سنائیں ، وُہ اِتنا دِلکش ہے

یہ شوخ تتلیاں ، نقشِ قدم جہاں پائیں
دُعا کو ہاتھ اُٹھائیں ، وُہ اِتنا دِلکش ہے

یہ شوخ تتلیاں ، تن کی تراش دیکھیں تو
پروں پہ چاقو چلائیں ، وُہ اِتنا دِلکش ہے

یہ شوخ تتلیاں رَنگِ حنا کی تصویریں
گھروں میں اَپنے سجائیں ، وُہ اِتنا دِلکش ہے

یہ شوخ تتلیاں ، اَنگڑائی اُس کی دیکھیں تو
سر اَپنا پیٹتی جائیں ، وُہ اِتنا دِلکش ہے
#شہزادقیس
.

Sign Up