Page No. 1

Page No. 1

معصوم بستیوں کو سمندر نگل گیا
سیلاب کا بھی زَور غریبوں پہ چل گیا
پانی نے ہر مکان کو ہموار کر دِیا
اِک رات میں حویلی کا نقشہ بدل گیا
دَریا بہا کے لے گیا گڑیا کا کُل جہیز
اَفسوس ، بے بسی کے سمندر میں ڈَھل گیا
چاول ، اَناج ، دالیں ، مربے ، اَچار ، گُڑ
اِک سال کا تھا رِزق جو پانی میں گَل گیا
کینو ، کھجور ، موسمی ، اَمردو ، آم ، سیب
پھل صبر کا ہی رِہ گیا ، باقی تو پھل گیا
اے کاش جانور سبھی بن جاتے مچھلیاں
بے بس مویشی دیکھ کے پتھر پگھل گیا
رُکنے کا وَقت تھا ہی نہیں کون دیکھتا
اِک بوڑھا جھونپڑی سے نکلتے پھسل گیا
مٹی کے کچھ کھلونے بھی مٹی میں مل گئے
ممتا کی آرزُو کا جنازہ نکل گیا
کچے گھروں کی سمت بہاؤ کو موڑ کر
صد شکر شہر ڈُوبنے کا خطرہ ٹَل گیا
اِن کشتیوں کے نیچے کئی لوگ رہتے تھے
میں نے جو آج سوچا مرا دِل دَہل گیا
پرکھوں کی آج ہم کو بہت یاد آئی قیس
جن کی لَحَد بھی پانی کا ریلا نگل گیا
(Built By UrduKit UrduKit.com)
Not yet rated

No Comments

Add a comment:

Code
*Required fields